سندھ گولف چیمپیئن شپ: شبیر اقبال دوسرے روز بھی چھائے رہے

کراچی  (اسپورٹس رپورٹر)تیئسویں سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ کا دوسرا رائونڈ ہفتے کے روز پی اے ایف ایئر مین گولف کلب کے خوبصورت کورس پر کھیلا گیا۔   دوسرے دن کے اختتام پر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپیئن شبیر اقبال پانچ انڈر پار کے ساتھ لیڈر بورڈ پر سب سے اوپر ہیں۔ دوسری پوزیشن پر شبیر کا تعاقب محمد نعیم، زبیر حسین اور وصال خان ایک اوور پار کے مشترکہ اسکور کے ساتھ کر رہے ہیں۔ لاہور جمخانہ کے محمد شہزار دو اوور پار کے ساتھ پانچویں اور اور لاہور جمخانہ ہی کے مطلوب احمد تین اوور پار کے ساتھ پروفیشنل کیٹیگری کی چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔ سینیئر پروفیشنل کیٹیگری میں طاہر نسیم نے چار اوور پار کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ محمد اکرم آٹھ اوور پار کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔ دونوں گولفرز لاہور جمخانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ جونیئر پروفیشنل کیٹیگری میں محمد ثاقب سات اوور پار کے ساتھ سرِفہرست ہیں۔ ملتان کے عبدل ودود اور ایئرمین گولف کلب کے نبیل خان  14 اوور پار کے مشترکہ اسکور کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔ ایمیچر کیٹیگری میں کراچی گولف کلب کے صائم شازلی دوسرے دن دو درجے ترقی کرتے ہوئے 13  اوور پار کے ساتھ سرِ فہرست ہوگئے۔ جبکہ لاہور جمخانہ کے سلمان جہانگیر دوسری اور ڈی ایچ اے کراچی کے عمر خالد تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ٹورنامنٹ کے ریفری اور سندھ گولف ایسو سی ایشن کے سیکریٹری کرنل زاہد اقبال نے کہا، ''کراچی میں ٹورنامنٹ کے دوسرے روز بھی چلنے والے تیز ہوائوں کے باعث کھلاڑی مشکلات کا شکار رہے۔ کھیل تیس منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ شبیر کے علاوہ کسی بھی گولفر کا اسکور آج انڈر پار نہ ہو سکا۔ تیز ہوائوں کے باعث پٹ کرنے میں بھی مشکل پیش آئی۔'' ایئر مین گولف کلب میں کھیلی جانے والی سالانہ سندھ اوپن گولف چیمپیئن شپ 21 سے 23  جنوری تک جاری رہے گی۔ چیمپیئن شپ کی مجموعی انعامی رقم تیس لاکھ روپے ہے جس میں سے 23 لاکھ روپے پروفیشنل کیٹیگری کے لیے، پانچ لاکھ روپے سینئر پروفیشنل اور دو لاکھ روپے جونیئر پروفیشنل کیتیگری میں گولف کے مروجہ قوانین کے مطابق تقسیم کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 23 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن