آکلینڈ: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے کورونا کے پھیلاؤ اور نئی قسم اومی کرون کے خدشات کے پیشِ نظر اپنی شادی کی تقریب منسوخ کردی ہے۔
اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیوی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ ہم آج رات سے کورونا کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کا نفاذ عمل میں لائیں گے جس میں ماسک پہننے اور سماجی فاصلےسے متعلق پابندیاں شامل ہیں۔شادی کی تقریبات اور اجتماعات کو محدود کیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ میں اومی کرون کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جیسنڈا آرڈن حکومت نے حفاظتی فریم ورک کے تحت شادی کی تقریبات میں شرکت کو 100 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن کا کہنا ہے کہ اگر تقریبات میں شریک افراد ویکسین پاس استعمال نہیں کرتے تو شرکت کی حد 25 افراد تک کم کردی جائے گی۔ میری شادی آگے نہیں بڑھے گی۔ واضح رہے کہ خاتون وزیر اعظم نے شادی کی تاریخ واضح نہیں کی تھی۔
پوچھا گیا کہ آپ دیرینہ رفیق اور ٹی وی میزبان کلارک گیفورڈ کے ساتھ اپنی شادی کی منسوخی پر کیسا محسوس کر رہی ہیں؟ جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ زندگی ایسی ہی ہے۔ میری زندگی نیوزی لینڈ کے ہزاروں دیگر شہریوں سے مختلف نہیں جو کورونا کے تباہ کن اثرات جھیل رہے ہیں۔
کورونا کا خوف، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن کی شادی منسوخ
Jan 23, 2022 | 12:57