کفار کی گستاخیوں سے محفوظ رہنے کیلئے امت متحد ہو: زبیر احمد ظہیر

Jan 23, 2023


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے سویڈن میں توہین قرآن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مسلمان فرقہ واریت کا مکمل خاتمہ کر کے ایک متحدہ مسلم قوت نہیں بنتے تب تک کفار اس طرح کی گستاخیاں اور بے ادبیاں کرتے رہیں گے۔ تمام مسلمان حکمرانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے خلاف تجارتی اور سفارتی سطح پر ایسے موثر اقدامات اٹھائیں کہ آئندہ کسی کو ایسی جرات نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکمران آئی ایم ایف اور عالمی اداروں سے قرضوں کی بھیک مانگتے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کریں۔ وہ گزشتہ روز جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کے عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب اور کے پی کے کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آنے والے صوبائی انتخابات کی تیاری میں پوری توجہ مرکوز کریں اور یکم فروری سے پہلے تمام امیدواروں کی فہرستیں مکمل کریں‘ پنجاب میں امیدواروں کے انٹرویوز کیلئے پروفیسر عدنان فیصل، میاں محمد اصغر اور حافظ احسان الہی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عمران دشمنی میں ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے یہ لوگ ہر لحاظ سے ناکام اور نااہل ثابت ہو چکے ہیں مگر کسی صورت بھی وہ اقتدار چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

مزیدخبریں