ملک میں 9نئے کرونا مریض،ایک ہفتے کے دوران 13ہزار چینی ہلاک ہوگئے

Jan 23, 2023


اسلام آباد + بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے دوران 3 ہزار 726 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 9 افراد کے نتائج مثبت آئے۔ جس کے نتیجے میں ملک میں مثبت کیسز کی شرح 0.24 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ این آئی ایچ کے مطابق ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ مریضوں میں سے 9 کی حالت نازک ہے، کوویڈ کے سب سے زیادہ کیسز شرح جہلم میں 1.92 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں کیسز کی شرح صفر رہی۔ چین میں 13 جنوری 19 جنوری کے درمیان کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار ہو گئی جب کہ یہ صرف وہ اموات ہیں جو ہسپتال میں ہوئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ چین میں کرونا سے 60 ہزار اموات کی تصدیق کی گئی تھی جبکہ صرف جنوری میں ایک ہفتے کے دوران 13 ہزار اموات ہسپتالوں میں ہوئیں۔ گھروں میں ہونے والی ہلاکتیں اس کے علاوہ ہیں۔ دوسری جانب چین کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی 80 فیصد آبادی کرونا میں مبتلا ہو چکی ہے۔ عالمی قوتوں اور تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین میں کرونا کے ایک بار پھر پھیلائو اور اس سے ہونے والی اموات کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو گی۔

مزیدخبریں