راو لپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے خانقاہی نظام سے منسلک مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے اپنے ربِ کریم کو دلوں میں بسا لو۔ رحمت اور توبہ کے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے فضا میں پھیلے مایوسی کے تعفن کو دور کرنے میں ہم سب اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ لوگوں کے درمیان مایوسی اور نا امیدی پھیلانا اوربالخصوص ہمارا پیارا وطن جس نے ہمیں عزت، وقار، نام اور سب کچھ دیا اس کے متعلق مایوسی کی گفتگو کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ہمیں دوسروں کا محتسب بننے کی بجائے اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھنا چاہئے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے خواجہ وجاہت جمیل، ماسٹر محمد ارشد اور راجہ منظور نے بھی خطاب کیا جبکہ دربار رسالت مآبؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہرنے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی۔