مودی گجرات فسادات کے براہ راست ذمہ دار‘ بھارت میں برطانوی ہائی کمشنر کی لندن رپورٹ

Jan 23, 2023

لندن (این این آئی+ اے پی پی) 2002ء کے دوران بھارت میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے لندن کے دفترِ خارجہ کو رپورٹ بھیجی تھی کہ نریندر مودی گجرات میں ہونے والے فسادات کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات برطانیہ کے سابق خارجہ سیکریٹری جیک سٹرا نے خصوصی انٹرویو کے دوران بتائی۔ جیک سٹرا نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشن کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے27 فروری کو سینئر پولیس افسران سے ملاقات کر کے انہیں فسادات کے دوران مداخلت نہ کرنے کا حکم دیا۔ دریں اثناء جیک سٹرا نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اسے موصول ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گجرات میں ہونے والی ہلاکتوں میں نسل کشی کی تمام علامات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ واقعی اس بارے میں بہت فکر مند تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہائی کمشن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد میں نے واجپائی حکومت اور وزیر خارجہ جسونت سنگھ سے بات کی۔ مجھے یقین ہے کہ میں نے بات کی ہے، تاہم 21سال بعد مجھے یاد نہیں کہ ان کا جواب کیا تھا۔ جیک سٹرا نے جو بھارت کو اچھی طرح سے جانتے ہیں، کہا کہ وہ بھارت میں فرقہ ورانہ فسادات کی تاریخ سے واقف ہیں۔

مزیدخبریں