بیجوں کی غیر مصدقہ اقسام پر پابندی لگائی جائے:شہزاد علی ملک

Jan 23, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی دیگر شعبوں کے مقابلے میں غریبوں کی آمدنی بڑھانے میں دو سے چار گنا زیادہ موثر ہے۔ اتوار کو ماموں کانجن ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے شوکت علی آرائیں کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد ملک نے کہا کہ زراعت کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے کیونکہ خوراک اور غذائی تحفظ کی بنیاد اس پر قائم ہے اور یہ صنعتوں کے لیے خام مال مہیا کرتی ہے۔ زراعت معاشی ترقی کے لیے بھی اہم ہے کیونکہ زراعت کا عالمی جی ڈی پی میں حصہ 4 فیصد ہے اور بعض کم ترقی پذیر ممالک میں اس کا حصہ جی ڈی پی میں حصہ 25 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ زراعت دنیا کے 80 فیصد غریب افراد کی غربت کے خاتمے، آمدنی میں اضافے اور فوڈ سکیورٹی کو بہتر بنانے میں معاون ہو سکتی ہے جو دیہی علاقوں میں آباد ہیں اور بنیادی طور پر کھیتی باڑی کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ زراعت سے فی کس آمدنی بڑھتی ہے جس سے دیہی علاقوں میں غربت کی سطح کم ہوتی ہے۔ دیہی علاقوں میں غربت کی کم شرح کا انحصار زیادہ پیداوار، آمدنی میں تنوع اور مارکیٹ رسائی پر منحصر ہے۔ پاکستان کا زرعی شعبہ معیشت میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے کیونکہ جی ڈی پی میں اس کا حصہ 18.9 فیصد ہے اور 42.3 فیصد افرادی قوت اس سے وابستہ ہے۔ یہ زرمبادلہ کمانے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے اور اس سے دیگر شعبوں میں ترقی کو بھی تحریک ملتی ہے۔ عالمی سطح پر منڈلاتے غذائی عدم تحفظ کے خطرات کے پیش نظر حکومت کو زراعت کے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر مضبوط بنانا چاہیے تاکہ آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ بنیادی غذائی فصلوں کے بعد نقد آور فصلوں کپاس اور چاول کو ترجیح دی جائے اور فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لیے چاول کی کاشت میں صرف ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کے استعمال کا مکمل نفاذ کیا جائے جو غیر مصدقہ بیجوں کے مقابلے میں زیادہ پیداوار کا ضامن ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بیجوں کی تمام غیر مصدقہ اقسام پر پابندی عائد کی جائے اور کاشتکاروں کو معیاری بیج کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کیا جائے جس سے نہ صرف ان کی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ ان کے منافع میں بھی تیزی سے اضافہ ہو گا۔

مزیدخبریں