نارووال (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن نئی مردم شماری پر ہوں گے۔ انتخابات اکتوبر میں ہونا ہیں تاہم حتمی فیصلہ الیکشن کمشن نے کرنا ہے۔ یہاں سپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں نئی مردم شماری ہو رہی ہے جس کے 30 اپریل تک نتائج آئیں گے۔ عمران خان مشترکہ مفادات کونسل میں خود فیصلہ کرگئے۔ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔ تحریک انصاف حکومت نے پاکستان کی معیشت اور سی پیک کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال2018ء میں نارووال سپورٹس کمپلیکس کا 90 فیصدکام مکمل تھا، باقی کام کے لیے 70کروڑ روپے درکار تھے لیکن 4 سال فنڈز روکے گئے، اب تکمیل کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے درکار ہیں۔ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی اضافی لاگت عمران نیازی سے لیں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نارووال سے الیکشن لڑیں‘ ان کو سیاست بھول جائے گی۔ پچھلے چار سالوں میں پاکستان کی معیشت میں’’ لینڈمائنز‘‘بچھا دی گئیں ہیں۔ پاکستان کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر کے اسے ایک خودمختار اور خوشحال معیشت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن چاہے90دن میں ہوں چاہے اکتوبر 2023ء میں ہم تیار ہیںاور انشاء اللہ تعالی پنجاب کے عوام پی ٹی آئی کو عبرت ناک شکست دیکر اپنا انتقام لیں گے۔ مریم نواز نے خود کو اس میدان میں منوایا ہے، پوری پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے، نواز شریف بھی جلد وطن واپس آئیں گے۔ نواز شریف کو سازش کے ذریعے 2017ء میں نااہل کیا گیا تھا وہ سازش نواز شریف کے ساتھ نہیں ہوئی تھی۔
آئندہ الیکشن نئی مردم شماری پر ہوں گے: احسن اقبال
Jan 23, 2023