لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں جتنا بیگاڑ پیدا ہو چکا ہے اس کیلئے سرجری نا گزیر ہوچکی ہے ،حکومت ایف بی آر سمیت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات کا فریم ورک تیار کرائے جس کیلئے اسٹیک ہولڈرز سمیت مقامی اور غیر ملکی معاشی ماہرین کو ذمہ داری سونپی جائے۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کے اپنے نظام میں سقم موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ لاکھوں افراد جو ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوتے، ٹیکس جمع کرنے کیلئے اداروں میں کوارڈی نیشن ہونی چاہیے ۔حکومت بھی ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنے کی بجائے پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتی ہے ۔ ہم حکومت کو پیشکش کرچکے ہیں کہ مارکیٹوں میں سروے کیا جائے ، ٹیکسز کی شرح اور تعداد کم کی جائے جس سے حکومت کی توقعات سے زیادہ ٹیکس آمدن ہو گی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنا ہے تو اس کیلئے ایڈ ہاک ازم کی بجائے طویل المدت پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی ۔ اصلاحات کا آغاز ایف بی آر سے ہونا چاہیے اور اس کی استعداد بھی بڑھائی جائے تاکہ ٹیکس لیکج کو روکا جا سکے ۔
حکومت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات کرے، اشرف بھٹی
Jan 23, 2023