ٹنڈو محمد خان (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ حکومت نگران سیٹ اپ کے لیے عمران خان سے کسی صورت مشاورت نہیں کرے گی۔ عمران خان اقتدار کے حصول کے لیے ملک اور عوام کو دائو پر لگا رہے ہیں۔ وہ کبھی اسمبلی آنے تو کبھی استعفوں کی منظوری کی بات کرتے ہیں، حکومت فیکٹریاں بند نہیں ہونے دے گی۔ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکاتیار میں دریائے سندھ کے بچا بند کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ چند روز قبل دریائے سندھ کا بچا بند اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگیا تھا جوکہ انتہائی خطرناک تھا، مکنہ سیلابی ریلے سے قبل بند کی مرمت کی ضرورت ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت دیگر کے تعاون سے دریا کے بچا بند کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ضمنی الیکشن سمیت ہر طرح سے تیار ہے۔ تاہم 13 اپریل سے قبل ملک میں ضمنی الیکشن کسی صورت ممکن نہیں ہیں۔ سید نوید قمر نے کہا کہ ملک میں فیکٹریاں بند نہ ہوں اس کے لئے تاجروں سے مذاکرات جاری ہیں۔ سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔