پنجاب ، کیلیفورنیا سسٹر  صوبے معاہدہ سرمایہ کاری بڑھائے گا ، پرویزالٰہی 

Jan 23, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ بدترین اورانتہائی دل آزاری والا فعل ہے۔ آزادی اظہار کی آڑ میں ایسا واقعہ ہرگز برداشت نہیں، کیا اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کر کے ہی آزادی اظہار کے تقاضے پورے ہوتے ہیں، سویڈن کے اس اقدام سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک کے بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک کی رہائشگاہ گئے اور ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر افسوس کا ظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیر اعلی آفس میں پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی۔ طاہر جاوید نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے مثالی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 5 سال کے کام 5ماہ میں کئے اور چودھری پرویزالٰہی نے پہلے دور کی طرح اس بار بھی عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ طاہر جاوید نے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینا وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو ایک بڑا کارنامہ ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورکیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی، معاشی،کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا۔ پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔تعلیم،صحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،ماحولیات اورثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔یہ معاہدہ پنجاب اورکیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے اور وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے اور ہماری حکومت نے رقم کو سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے شفافیت کے ساتھ استعمال کیا ہے۔

مزیدخبریں