لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی احتساب کے نام پر نوازشریف کو ہٹانے کے گرینڈ ڈیزائن کا حصہ رہے، عمران نیازی ن لیگ کو نشانہ بنانے کے گرینڈ ڈیزائن کا بھی حصہ ہے۔ عمران خان 2013ء سے ملک میں انتشار اور افراتفری کا ایجنٹ رہا ہے۔ اس کی ہزرہ سرائی نے سیاست کو بدنام کیا۔ عمران خان نے معاشرے کو تقسیم اور ریاستی اداروں کو کمزور کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ یہ ناقابل قبول اقدام ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ دائیں بازو کے ایک انتہا پسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی مذمت کے لئے الفاظ کافی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے لبادہ کو دنیا بھر کے ڈیڑ ھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروع کرنے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، یہ اقدام ناقابل قبول ہے۔ دریں اثناء گجرات سے سابق ممبر قومی اسمبلی ملک جمیل اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک حنیف اعوان دوبارہ ن لیگ میں شمولیت کر لی ہے۔ اس شمولیت کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی عابد رضا نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کا دورہ منسوخ کر دیا۔ وزیراعظم نے آج پیر کے روز کے فور منصوبے کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔ دورہ ملتوی ہونے سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف سے پنجاب کے چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عامر ذوالفقار نے بھی ملاقات کی۔ جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ملاقات میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول رکھا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پنجاب میں خودساختہ مہنگائی بڑھانے والوں کیخلاف کاروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ آٹا مہنگا بیچنے والوں کوپکڑا جائے اور مہنگائی کنٹرول نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔دریں اثناء چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے وزیراعظم شہباز شریف کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔عامر ذوالفقار خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو صوبہ بھر میں جرائم کی سرکوبی کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔اسلام آبادسے خبرنگارخصوصی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے نئے سال پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چین کے نئے سال کے آغاز پر صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نئے سال کو اپنے چینی دوستوں کے لئے پیار، امن اور خوشحالی کا ضامن ہونے کے لئے دعاگو ہیں۔
اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نواز شرف کو ہٹانے اور احتساب کے نام پر مسلم لیگ ن کو نشانہ بنانے کی ایک بڑی سازش کا حصہ رہا ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 2013ء سے وہ ملک میں انتشار اور افراتفری کا مرکزی کردار رہا ہے۔ اس کے زہریلے طرزِ عمل نے سیاست کو بدنام کیا، معاشرے کو تقسیم کیا اور ریاستی اداروں کو کمزور کیا۔
سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی نا قابل قبول ، عمران نواز شریف کو ہٹانے کی سازش کا حصہ رہے : شہباز شریف
Jan 23, 2023