لاہور+چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے حکومت کو جواب دینے کے لیے جوابی حکمتِ عملی تیار کر لی ہے، عمران خان نے انتخابی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان ڈاکٹروں سے اجازت ملنے کے بعد خود حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے میدان میں اتریں گے، عمران خان نے جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کے لیے پارٹی کو ہدایات جاری کردی ہیں، انتخابی مہم میں رجیم چینج کے ساتھ مہنگائی کو ایشو بنایا جائے گا۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ تحریک انصاف نے اکنامک ٹیم کو معاشی بحران سے نکلنے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، ملک کو بدترین معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے پی ٹی آئی کے چیئرمین قوم کو روڈ میپ دیں گے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کو ایشو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اجاگر کرے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ اور ڈور ٹو ڈور مہم میں مزید تیزی لائی جائے، انتخابات سے پہلے تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچنا چاہیے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے سوئیڈن میں قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مرکزی رہنما پی ٹی آئی رائے حسن نواز خان اور بیرسٹر رائے محمد اقبال احمد خاں نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاست او ر دیگر امور پر گفتگو ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کی صرف ایک ہی صورت ہے کہ ملک میں صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کیے جائیں۔ معاشی استحکام سے قبل سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اس کے بعد ملک میں قانون کی مکمل حکمرانی کے لیے سخت فیصلے کیے جانے ضروری ہیں۔ رائے حسن نواز خاں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ساہیوال پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا ہے۔ انشاء اللہ ضمنی انتخابات ہوں یا عام انتخابات پاکستان تحریک انصاف ہی ضلع بھر سے کلین سوئپ کرے گی۔عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں سے اجازت ملنے کے بعد خود حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے میدان میں اتروں گا۔ عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 70 ارکان کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد اسد قیصر کی قیادت میں دیگر رہنمائوں کو باقی استعفوں کی منظوری کیلئے بھی ٹاسک دے دیا۔ عمران خان سے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران کی موجودہ معاشی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شوکت ترین نے کہا کہ ہر گزر تا دن کو مزید مشکلات کی دلدل میں دھکیل رہا ہے۔ عمران خان نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور کر دہ قرارداد کے مطابق اسلام اور شعائرِ اسلام کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کو آزادء اظہار کا تحفظ حاصل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس مارچ میں ہماری حکومت کی کاوش کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلاموفوبیا کے انسداد کے عالمی دن کے حوالے سے او آئی سی کی تائید یافتہ تاریخی قرارداد منظور کی۔
الیکشن کراؤ ، ملک بچاؤ مہم تیز کی جائے ، عمران : جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت
Jan 23, 2023