لاہور(خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا عزیز الرحمن ثانی، قاری جمیل الرحمن اختر، پیررضوان نفیس، مولانا علیم الدین شاکر،مولانا عبدالنعیم، مولانا محمداشرف گجر، مولانا خالد محمود نے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی توہین ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر حملہ اور بدترین دہشت گردی ہے۔آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہین قرآن کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سویڈن حکام اسکی روک تھام کے لیے فوری طورپر اقدامات کر یں۔ توہین قرآن کر نے والے امن عالم کے دشمن ہیں۔مسلم حکمران اس شیطانی عمل کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران عالمی سطح پر تحفظ ناموس رسالت اور قرآن پاک تقدس کیلئے قانون سازی کروائیں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی تہذیب ڈیڑھ ارب افراد کے دینی جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ توہین قرآن کرنے والے اپنے شیطانی عمل سے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو خون کے آنسو رولا رہے ہیں۔ علماء نے کہاکہ سویڈن میں قرآن پاک نذرآتش کرنے کے گھناؤنا فعل ہراعتبار سے قابل مذمت اور افسوسناک ہے تمام مسلم حکمرانوں کو اس قبیح فعل کی بھرپور انداز میں مذمت کرنی چاہیے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی توہین بدترین دہشتگردی ہے، اللہ وسایا
Jan 23, 2023