وحید شہزاد منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر، عمران یونس سیکرٹری جنرل مقرر

Jan 23, 2023

لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں رانا وحید شہزاد کو منہاج یوتھ لیگ کا مرکزی صدر، ڈاکٹر عمران یونس کو سیکرٹری جنرل اور ہارون ثانی کو سینئر نائب صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا اورمنہاج یوتھ لیگ کیلئے بطور مرکزی صدر مسلسل 8سال عظیم الشان خدمت انجام دینے پر مظہر محمود علوی اور منصور قاسم اعوان کو زبردست میں الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔چیئرمین سپریم کونسل نے مظہر محمود علوی کی مثالی خدمت کے اعتراف میں انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل سندھ زون کیلئے بطور نائب ناظم اعلیٰ ترقی دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری 4دہائیوں سے نوجوانوں کے اخلاق اور کردار سنوارنے پر محنت کر رہے ہیں کیونکہ باکردار نوجوانوں کی پر خلوص محنت سے قوموں کی تقدیریں بدلتی ہیں۔پاکستان کا سب سے بڑا خزانہ اس کے نوجوان ہیں۔پاکستان دنیا کا وہ واحد خوش بخت ملک ہے جس کی مجموعی آبادی کا60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔نوجوانوں کی صلاحیتوں سے درست استفادہ سے ہی پاکستان ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے قائم ہوئے ان تعلیمی اداروں سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے رانا وحید شہزاد کو صدر،ڈاکٹر عمران یونس کو سیکرٹری جنرل اور ہارون ثانی کو سینئر نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور مظہر محمود علوی کو ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں