چیئرمین سینیٹ کی سویڈن میں قرآن پا ک کی بے حرمتی کی مذمت 


اسلام آباد(خبر نگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سویڈن میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کے نسخے کو نذرآتش کرنے کے واقع کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی عدم برداشت اور بیحرمتی کی بد ترین مثال قرار دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سویڈش حکومت آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہاکہ قرآن پاک ہمیں پوری دنیا کے انسانوں کے ساتھ انصاف اور امن کے ساتھ رہنے کا درس دیتا ہے۔ اقوام متحدہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی طے کرے۔ بین المذاھب ڈائیلاگ سے اس طرح کے واقعات کا سدباب ممکن ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں اسلاموفوبک رجحان پروان چڑھ رہا ہے اور اس سے مذہبی رواداری کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

ای پیپر دی نیشن