پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں چوکی انچارج شیخان کی گاڑی پرآئی ای ڈی دھماکہ ہوا تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ پولیس کے مطابق انچارج ناصر خان اپنی گاڑی میں معمول کے مطابق گشت کررہے تھے، اس دوران ضلع خیبر کی باؤنڈری پر واقع شیخان سپین قبر گلا خان زنگل کے قریب پہلے سے سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق ایک کلو گرام بارودی مواد پینٹ کے ڈبے میں نصب کیا گیا تھا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔