اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تخفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کیلئے جلد ایک بھرپور سروے کیاجائے گا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ریڈیوپاکستان کے پروگرام ہاٹ لائن میں فون کرنے والوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ فیصل کنڈی نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تقریبا 800,000 افراد کوبی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی فہرست سے نکال دیا تھا اور اب ہم مستحق افراد کو دوبارہ شامل کرنے کے فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سروے میں حصہ لیں تاکہ کوئی بھی حقیقی مستحق خاتون پیچھے نہ رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 87 لاکھ مستحقین کے لیے 55 ارب روپے جاری کیے ہیں، اس کے علاوہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی دو قسطیں جاری کی گئی ہیں، پرائمری کلاس کے طلبا بشمول لڑکے اور لڑکیوں کو بالترتیب 1500 روپے اور 2000 روپے تعلیمی وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ ایک فون کرنے والے کو جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے مستحقین کے کارڈز بلاک کر دیے گئے تھیلیکن اب ہم اس معاملے پر غور کر رہے ہیں۔
87 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 55 ارب جاری کئے: فیصل کریم کنڈی
Jan 23, 2023