لاہور‘ گوجر خان (نامہ نگاران) لاہور کے علاقے لیاقت آباد اور گوجر خان میں دو افراد نے اپنی بیویوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی۔ لاہور میں تھانہ لیاقت آباد کے علاقے دھلہ بازار کے قریب محسن مسیح نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی ماریہ اور ڈیڑھ سالہ بیٹی ارینہ کو قتل کرنے کے بعد خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ ملزم کی فائرنگ سے پاسٹر اظہر کھوکھر بھی شدید زخمی ہو گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پاسٹر اظہر کھوکھر کے گھر آیا ہوا تھا جہاں اس کی اپنی بیوی سے تلخ کلامی ہوئی اور اس نے طیش میں آکر فائرنگ کر کے بیوی ماریہ اور بیٹی ارینہ کو قتل کر کے خودکشی کی ہے۔ تھانہ گوجر خان کے نواحی قصبہ سنگنی میں خاوند نے بیوی اور چچی کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیں۔ ایس ایچ او ملک نذیر احمد گھیبہ نے بتایا خاور محمود انگلینڈ سے آیا ہوا تھا اس کا والد اور ایک بھائی بھی انگلینڈ ہوتا ہے اور اس کی اڑھائی ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ گذشتہ روز اس نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی عطیہ اور چچی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔