جوڑنے آیاں ہو توڑنے نہیں،ملکی بقاء کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا:گورنر سندھ

Jan 23, 2023


کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میمن مسجد مصلح الدین گارڈن (کھوڑی گارڈن) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اہلسنت شاہ عبدالحق قادری نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے حضرت علامہ حافظ قاری مصلح الدین صدیقی قادری کے مزار پر پھول
 رکھے ،فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر شاہ عبدالحق قادری نے جماعت اہلسنت کے تحت شہر کی مساجد اور مدارس کے بارے میں گورنر سندھ کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعدازاں گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر مجھے ذہنی و قلبی سکون ملا ہے، علامہ حافظ قاری مصلح الدین صدیقی قادری کے مزار پر بھی حاضری دی ہے، وہ ایسی شخصیت تھے کہ جب وہ رخصت ہوئے تو کراچی میں میں نے ان سے بڑا نماز جنازہ نہیں دیکھا، شاہ عبدالحق قادری کے خیالات بھی ان ہی کی طرح ہیں، اور ان ہی کہی ہوئی باتوں کو یہ آگے بڑھارہے ہیں، مجھے بہت خوشی ہے کہ شاہ صاحب دین و دنیا کا کام بہت دل لگی سے کررہے ہیں ، جو کام ریاست کو کرنا تھا اس کا بیڑہ انہوں نے اٹھایا ہوا ہے۔ گورنر سندھ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ میں جوڑنے آیا ہوں توڑنے نہیں ، ہم اس وقت بہت بڑے معاشی بہران سے گزررہے ہیں، میں سمجھتا ہوں یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ہم سب کو ملک جل کر پاکستان کی بقاء کے لئے اور پاکستان کی معیشت کے لئے اور پاکستان کی عوام کے لئے کام کرنا چاہئے، ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے میں اپنا وقت ضایع نہیں کرنا چاہئے، ہمیں اس ملک کو ٹھیک کرنے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ بہت ہی نیک نیت شخصیت ہیں ، ان کے پاس مکمل اختیار ہے اور ان کو اختیار استعمال کرنا چاہئے۔  شاہ عبدالحق قادری نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب دعا کریں کہ اس منبر سے حق و صداقت کی باتیں ہمیشہ بلند ہوتی رہیں، اور عشق رسول و محبت رسول ﷺ کا پیغام جس طریقہ سے ہمارے بزرگ پھیلاتے رہے اسی طریقہ سے ہم پھیلاتے  رہیں۔

مزیدخبریں