پنجاب کے پی کے میں بھی عمران کا وہی حشر ہوگا جو کراچی میں ہوا،وقار مہدی 


کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے شہرِ قائد کو دھوکا دیا، ردعمل میں کراچی والوں نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو دھول چٹوا دی۔ اپنے جاری کردہ بیان میں، سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دورِ اقتدار کے دوران کراچی کو جھوٹے وعدوں اور دو نمبری رہنما مسلط کرنے کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی کے لیے 1100 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا، لیکن عملی طور ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کراچی والوں کو صاف شفاف انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کا موقعا مِلا تو انہوں نے پی ٹی آئی کو اس کی اوقات بتادی۔ سینٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دور ملکی تاریخ کا ہر لحاظ سے بدترین دور تھا، جس کے دوران مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے رکارڈ ٹوٹے، جبکہ معاشرے کو تقسیم کرنے اور خارجہ محاذ پر پاکستان کو سفارتی طور تنہا کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان ہی تھے، جنہوں نے ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی ترقی کی شرح کو منفی سطح پر پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ اقتدار میں صرف اپنے اے ٹی ایمز کو مالی فوائد پہنچائے، جبکہ کہ غریبوں کو غربت کی دلدل میں دھنس دیا۔  سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی عمران خان کا وہی حشر ہوگا، جو کراچی میں ہوا ہے، کیونکہ ایک طرف تو خانصاحب کی اب بے ساکھیاں نہیں رہی، تو دوسری جانب وہ عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب ایک بدوبودار ماضی ہے، جو اپنے منطقی انجام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن