ملک کو قوم کو موروثی سیاست سے نجات دلانی ہوگی‘الطاف شکور

Jan 23, 2023


کراچی (این این آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ ملک کوہر قسم کی کرپشن سے نجات دلانے کے لئے ٹھپہ مافیا، الیکٹ ایبلز اور موروثی سیاست سے پاک کرنا ہوگا۔چند جاگیر دار اور سرمایہ دار خاندان ملکی سیاست پر قابض چلے آرہے ہیں۔ پاکستان کو وراثت سمجھ کر اسے بلاول اور مریم کو منتقل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ برسوں سے ملک میں وڈیرہ شاہی نظام ،سرداری نظام اور موروثی سیاست اور غلامی کا جو سلسلہ چل رہا ہے اسے روکنے کے لئے عوام کو متحد ہونا ہوگا۔ عوام اپنی لوٹی ہوئی دولت پر پلنے والی سیاست دانوں کی نااہل اولادوں کو مسترد کر دے۔ بگ تھریز نے ملک و قوم کا خون چوس چوس کراربوں کھربوں روپے ملک سے باہر بھیجے ، اپپنی جائیدادیں بنائیں۔ اب اپنی اولادوں کو عوام پر مسلط کر کے ملک کی رگوں سے بچا کھچا خون بھی نچوڑنا چاہتے ہیں۔ موروثی سیاست آمریت میں ڈھل گئی ہے۔عوام کو بھی غلامانہ ذہنیت سے نکلنا ہوگا۔ پاسبان اس موروثی سیاست کے خلاف عوام کو متحد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے لاہورکے دورے کے موقع پرعہدیداران سے ملاقات میں کیا۔ اس موقعے پر پاسبان کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند، لاہور کے صدر آس محمد میو، ہیومن رائٹس ایڈوکیسی کے صدر عبداللہ منصور، چوہدری احمد تھند، فاروق جان میو،مشتاق میو،ظہیر گوگی،عامر مرزا، سرفراز اولکھ،جنید عارف و دیگر عہدیداران اور ورکرز بھی موجود تھے۔ 

مزیدخبریں