شیخوپورہ (ڈاکٹر شیخ جمیل اختر) شیخوپورہ شہرمیں لگی ہوئی فلیکسز ،بل بورڈز نے شہر کے حسن کو داغ دار کردیا ہے چوک پیر بہار شاہ (بتی چوک ) میں مونومنٹ کے اردگر دفلیکسز کے انبار لگائے گئے ہیں اسی طرح شہر سے گزرنے والی گرین بیلٹ پر بھی سیاستدانوں ،وکلا اور دیگر افراد کی فلیکسز لگی ہوئی ہیں جبکہ ضلع حکومت نے گرین بیلٹ اور بتی چوک میں فلیکسز لگانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اسی طرح جناح پارک چوک کے دروازے پر بھی فلیکسز لگائی گئی ہیں مگر ضلعی انتظامیہ ،بلدیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے غیر قانونی طور پر لگائی جانے والی فلیکسز اور بل بورڈز کیخلاف کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی جس سے گرین بیلٹ کی خوبصورتی بھی تباہ ہورہی ہیں انجمن شہریاں کے صدر چوہدری طاہر منہاس نے شہر میں جگہ جگہ فلیکسز اور بل بورڈ لگانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخوپورہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ گرین بیلٹ پر فلیکسز لگاکر اسے تباہ و برباد کیا جا رہا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب ،کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی لگائے جانے والی فلیکسز اور بل بورڈ ز کو ختم کیا جائے ۔