تنخواؤں کی عدم ادائیگی ،خاکروبوں کا کام چھوڑ احتجاج، گندگی کے ڈھیر لگ گئے


محراب پور(نامہ نگار) تنخواؤں کی عدم ادائیگی پر خاکروبوں کا کام چھوڑ احتجاج، شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں ،ٹاؤن آفیسر یوسف شیخ کیخلاف سیاسی،سماجی تنظیمیں بھی سراپا احتجاج، محکمہ بلدیہ محراب پور کے ملازمین نے جاوید اخترشیخ،شاہد راجہ اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کیا اور بلدیہ آفس سے محراب پور پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور ٹاؤن آفیسر یوسف شیخ کا علامتی جنازہ بھی نکالا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخوائیں نہیں مل رہی ہیں۔
تنخواہ نہ ملنے سے دکانداروں نے ادھار راشن دینا بند کردیا ،بچوں کیلئے ہم کچھ خرید نہ سکتے ،کام چھوڑ احتجاج پر مجبور ہیں اور تنخوائیں نہ ملنے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے، دوسری طرف محکمہ بلدیہ محراب پور میں کرپشن، پونے دو کروڑ کی گرانٹ میں خرد برد، تنخواؤں کی عدم ادائیگی پر خاکروبوں اور عملے کی ہڑتال کے باعث شہر کی سڑکوں پر گندا پانی کھڑا رہنے پر کل جماعتی کونسل میں شامل جماعتوں پی ٹی آئی، (ن)لیگ ، جماعت اسلامی، پی ایف پی کل جماعتی اتحاد نے احتجاج کیا ۔اس موقع پر مجاہد علی سامیٹو، چوہدری ظہور حیدرآرائیں ، ندیم احمد غوری، محمد ارشد قادری اور یونس رفیق ملک نے کہا کہ محکمہ بلدیہ محراب پور کے ٹاؤن آفیسر محمد یوسف شیخ کی نا اہلی، پونے 2 کروڑ کی گرانٹ سیاسی ملی بھگت سے خرد برد کرنے سے خاکروب اور نکاسی آب نالوں پر تعینات عملے کو تنخواؤں کی عدم ادائیگی کے باعث عملے نے ہڑتال کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے سیال آباد روڈ، کوٹری کبیر روڈ، میر محلہ، شاہی بازار اور شہر کے تجارتی مراکز پر نکاسی آب کا گندا پانی جمع ہو گیا،جگہ جگہ کوڑاکرکٹ،گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، ٹاؤن کمیٹی میں مخصوص افراد کی اجاراداری ہے،نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کومحلہ کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز شاہزیب شیخ فوری طور پر نوٹس لیں۔

ای پیپر دی نیشن