راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)آل پاکستان چائنیز اوورسیز یوتھ فیڈریشن کی صدر عاصمہ اسماعیل بٹ نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں, جو صلاحیتوں سے مالامال ہیں،جن کی تعلیم وتربیت پر ترجیحی بنیادوں پر مل کر کام کرنا ہوگا،ہمارے دوست ملک چین نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا،نئے سال کی خوشی میں ہمارے بچوں اور نوجوان نسل کو یاد رکھا ،جس پر اپنے دوست ملک چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انھوں نے یہ بات غریب بچوں کومفت تعلیم دینے والے ادارہ ہولی ہیلپ ویلفئیر سکول سسٹم کے دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر سکول کے چئیرمین عبداللہ صابر،اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے فیڈریشن صدر کا استقبال کیا،عاصمہ اسماعیل نے بچوں میں سکول بیگ اور تحائف تقسیم کیے۔بعد ازاں اپنے خطاب میں کہا کہ چین ہمارا بہت مخلص دوست ملک ہیجو نوجوان نسل کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے ۔پاکستان میں محدود وسائل کی وجہ سے بچوں کی کثیر تعداد تعلیم سے محروم ہے۔جس پر ہماری فیڈریشن چائینہ ایمبیسی کے ساتھ مل کر پاکستان کی نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کے لئے کام کررہی ہے۔اس موقع پر چئیرمین عبدللہ صابر نے کہا کہ ہمارے پاس 200 غریب بچے زیرتعلیم ہیں،ہمارے وسائل محدود ہیں۔صدر فیڈریشن عاصمہ اسماعیل بٹ کے مشکور ہیں جنھوں نے ضرورت مند بچوں کا ساتھ دیا ۔