نیشنل پارک ایریا کی زوننگ ریگولیشن تبدیل کرنے کی سمری وفاقی کا بینہ کو ارسال 

Jan 23, 2023


اسلام آباد (وقائع نگار)سی ڈی اے انتظامیہ نے زون تھری نیشنل پارک ایریا کی زوننگ ریگولیشن تبدیل کرنے کی سمری ایک مرتبہ پھر وفاقی کابینہ کو ارسال کردی ہے۔ سوک باڈی نے زون تھری میں 20ہزار ایکڑ پرائیوٹ لینڈ کو مبینہ طور پر فوائد پہنچانے کے لیے نیشنل پارک ایریاز کی نئی حدبندی کروانے کی کوشش شروع کررکھی ہے۔ نئے ریگولیشن میں مارگلہ کے دامن میں واقع گوگینہ، تلہاڑ اور شاہدرہ کے دیہات کو ماڈل دیہات کا درجہ دینے پر غور شروع ان دیہات میں زمین کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق  سی ڈی اے انتظامیہ نے نیشنل پارک ایریا ز کے پلاننگ پیر امیٹرز تبدیل کرنے اور اس زون کی ریگولیشن میں ترمیم کی غرض سے ایک نئی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی ہے جس میں اس زون میں واقع تقریبا20ہزار ایکڑ پرائیوٹ لینڈ کو مبینہ طور پر فوائد پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ اس پرائیو ٹ لینڈ پر مستقبل میں تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں دوسری طرف سی ڈی اے نے اس زون کی الائنمٹ کے ساتھ خود بھی چھیڑ چھا ڑ شروع کردی ہے اور زون تھری کے اندر ایک کثیر منزلہ عمارتوں کا منصوبہ بھی شروع کرنے کی پلاننگ کی جارہی ہے زون تھری میں اس وقت 50ہزار ایکڑ سے زائد اراضی ہے جو ماسٹر پلان کے مطابق کسی بھی قسم کی تعمیرات و تجارتی سرگرمیوں کے لیے مختلف نوعیت کی پابندیوں کی زد میں ہے اس ذریعے کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے کے شعبہ پلاننگ و ڈیزائن نے اس زون کی سروے آف پاکستان سے ازسرنو نشاندہی بھی مکمل کروالی ہے قبل ازیں سی ڈی اے کے پلاننگ و ڈیزائن نے اس زون میں نئی ترمیم متعارف کرواتے ہوئے زون تھری میں واقع گوگینہ گاوں، تلہاڑ، شاہدرہ سمیت دیگر ایسے دیہات جہاں ابھی سی ڈی اے کی ایکوزیشن نہیں ہوئی ان دیہاتوں کو ماڈل دیہات کا درجہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے  اوران میں زمینوں کی خریدوفروخت پر ابھی غیر اعلانیہ طورپر پابندی بھی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے سی ڈی اے بورڈ نے ان دیہات میں ازخود لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کو مزید تعمیرات سے روکنے کی منصوبہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اگر لوگ کسی صورت میں زمین کی فروخت کرنا چاہیں گے تو بھی سی ڈی اے ازخود یہ زمین خریدے گا اوراسے کسی بھی تجارتی مقصد کے لیے استعمال میں نہیں لا ئے گا بلکہ اسے محفوظ رکھاجائے گا۔

مزیدخبریں