اسلام آباد(نا مہ نگار)سلیمان خیل قبائل موومنٹ (ایس کیو ایم)کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسداللہ حقانی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اوردنیا کے دیگر تمام اہم عالمی اداروں کو اس پر آواز بلند کرنی چاہئے، سویڈن کی حکومت کو اس عمل کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئے۔یہاں سے جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر اسداللہ حقانی نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ سویڈن میں ترکی کے سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کو جلایا گیا ہے اور اس مکروہ اور انتہائی نامناسب ناقابل قبول حرکت کو وہاں کے حکام نے روکا نہیں ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اوردنیا کے دیگر تمام اہم عالمی اداروں کو اس پر اپنی آواز بلند کرنی چاہئے، سویڈن کی حکومت کو اس عمل کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئے، ان مجرموں کو گرفتار کرنا چاہئے اور ان کے خلاف قانون کو حرکت میں لانا چاہئے، یہ کوئی آزادی اظہار نہیں ہے نہ یہ آزادی اظہار میں آتا ہے کہ آپ مسلمانوں کے یا کسی بھی مذہب کے مقدسات ہیں توان کی توہین کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام تمام انبیا اور رسولوں اور آسمانی کتابوں کے احترام کا درس دیتا ہے اور ہم دوسرے مذاہب کے ماننے والوں سے بھی اسی احترام کی توقع کرتے ہیں۔
۔۔۔۔