فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز، پی ایف ایف کا ہوم میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اردن کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026کوالیفائرز کا ہوم میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم کی سہولتیں فیفا معیار کے مطابق نہیں ہیں۔ پاکستان اور اردن کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز رائونڈ ٹو کا ہوم میچ 21مارچ کو شیڈول ہے تاہم اب اس میچ کے اسلام آباد میں ہونے کے امکانات نہیں رہے۔ میچ کیلئے وینیو 21جنوری تک فائنل کرنا تھا۔پی ایف ایف کے مطابق نومبر میں تاجکستان کے خلاف میچ کے بعد سے کوشش کی گئی کہ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم کو فیفا کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جاسکے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس حوالے سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج فیفا کے معیار کے مطابق لائٹس لگانا ہے جو نہیں ہو سکا، اس لیے اب میچ کیلئے نیوٹرل وینیو کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اردن کی فٹبال فیڈریشن سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن