لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے الیکشن 2024کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے کہ حاکمیت صرف اللہ تعالی کی، انتخابی عمل کے ذریعے سیاسی نمائندوں کو منتخب کرنا عوام کا اختیار ہے۔ پنجاب پولیس 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ حالیہ انتخابات کیلئے گذشتہ سے 26 ہزار زائد یعنی 01 لاکھ 30 ہزار نفری لگائی جارہی ہے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریننگ اداروں سے نفری لے کر الیکشن سکیورٹی ڈیوٹی پر لگا رہے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد خواتین پولیس اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے۔ ڈی ایس پی سے ایس پی رینک پر ترقی پانیوالے افسران کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں ہوئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم میاں شکیل احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور اے سی ایس ہوم میاں شکیل احمد نے ترقی پانیوالے افسران کو ایس پی عہدے کے رینک لگائے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی جانب سے پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کو ہیلتھ ویلفیئر کی مد میں 13 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ اٹک کے کانسٹیبل محمد اشفاق کو جگر ٹرانسپلانٹ اخراجات کی ادائیگی کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کئے گئے، میانوالی کے ہیڈ کانسٹیبل محمد الیاس کو ڈسک پرابلم کے علاج کیلئے 01 لاکھ روپے دے دئیے گئے، راولپنڈی کے کانسٹیبل راجہ ندیم عارف کو شوگر و دیگر عارضوں کے علاج کیلئے 01 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کے کانسٹیبل محمد اویس کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 83 ہزار 257 روپے دئیے گئے، سپیشل برانچ کے لانگری محمد الیاس کو عارضہ پھیپھڑوں کے علاج کیلئے 50 ہزار روپے دئیے گئے۔