لاہور (اے پی پی)چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق پیر کو ایکسیئن رائیونڈ کی زیر نگرانی ایس ڈی او جیابگا نے پولیس اور ایلیٹ فورس کے ہمراہ لدھے کی اوچا، لدھے کی نیواں، جوڈو ڈھیر اور اطراف کے علاقوں میں آپریشن کیا اور اس دوران متعدد ملزمان بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ترجمان کے مطابق ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے جبکہ 10ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا ۔لیسکو حکام کی جانب سے ملزمان کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ لیسکو کا تمام سٹاف بجلی چوری کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے، بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک انسداد بجلی چوری مہم جاری رہے گی۔