اسلام آ باد (آئی این پی ) سپریم کورٹ میں صحافیوں کے داخلے کے حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ نے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ صحافی صرف میڈیا ہاوسز کے کارڈ دکھا کر سپریم کورٹ انٹری گیٹ سے داخل ہوسکتے ہیں، سپریم کورٹ کی عمارت میں ویڈیو بنانے یا یوٹیوب پروگرام ریکارڈ کرنے کی ممانعت ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کسی اہم کیس کی سماعت پر کورٹ روم میں ہر میڈیا ہاوس کے صرف ایک رپورٹر کو جانے کی اجازت ہوگی جب کہ باقی رپورٹرز کے لیے کسی اور کورٹ روم میں آڈیو لنک فراہم کیا جائے گا۔ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر طیب بلوچ نے صحافیوں کو مخصوص لسٹوں پر داخلے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی۔ صدر پریس ایسوسی ایشن طیب بلوچ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو تحریری طور میڈیا کارڈ پر داخلے کے لیے لکھا تھا، اب سپریم کورٹ کی جانب سے پریس ایسوسی ایشن کے مطالبے کو مانتے ہوئے محض کارڈ پر داخلے کی اجازت دے دی گئی۔