اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 جنوری کو پاکستان افغان سرحد کے قریب ضلع ڑوب کے سمبازہ سیکٹر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا نتیجتاً سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔
پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کاآپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
Jan 23, 2024