اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی کی مدت دس سال کرنے کی نیب اپیل پر سنگل بینچ کے نااہلی کی مدت پانچ سال کرنے کا فیصلہ معطلی کے حکم میں بائیس فروری تک توسیع کردی ہے۔عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی کی مدت دس سال کرنے کی نیب اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی حکم کے باوجود اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش نہ ہوئے۔ فائق علی جمالی کے وکیل بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ نیب پراسکییوٹر رافع مقصود اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سینئیر قانون دان میاں رضا ربانی اور زاہد حامد ایڈووکیٹ کو عدالتی معاونین مقرر کردیا۔ عدالت نے دونوں عدالتی معاونین اور فریقین سے آئیندہ سماعت پر آرٹیکل 63 ون ایچ اور نیب سیکشن 15 اے پر دلائل طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت بائیس فروری تک ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سنگل بینچ کا نااہلی پانچ سال کرنے کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے۔ ڈویژن بنچ نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت دس سال بحال کر رکھی ہے۔ سنگل بینچ نے نیب سزا یافتہ کی نااہلی مدت پانچ سال کی تھی۔