بادشاہی مسجد میں پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی: انیق احمد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد میں پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بادشاہی مسجد لاہور میں پہلے میڈیکل کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب سے دیگر مقررین میں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان، صوبائی وزیر بنیادی صحت ڈاکٹر جمال ناصر، صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی، مولانا عبدالخبیر آزاد  و دیگر نے خیالات کا اظہار کیا۔ انیق احمد نے کہا کہ بادشاہی مسجد میں پہلے میڈیکل کیمپ کے قیام سے اپنے حصے کی شمع روشن کر دی ہے۔ مسجد کلینک کے اجراء سے اسے کمیونٹی سینٹر بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔ مسجد کے ذریعے دور دراز علاقوں تک بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دور نبویؐ  میں تعلیم، صحت، عائلی مسائل، سیاست سمیت متعدد امور مسجد میں ہی طے پاتے تھے۔ پاکستان بھر کی ڈھائی لاکھ مساجد میں صحت و تعلیم کی سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ 27 رمضان کو وجود میں آنے والی مملکت کی تعمیر ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ طاہر رضا بخاری نے کہا انیق احمد نے مسجد کلینک کا ویژن سچ کر دکھایا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے عہدہ سنبھالنے کے بعد انقلابی کام کیے ہیں اور کہا کہ بادشاہی مسجد لاہور سے فری میڈیکل کیمپ کا آغاز پوری پاکستانی قوم کے لئے خوشخبری ہے، یہ حکومت پاکستان کا ایک احسن قدم ہے، صحت مند معاشرے میں مسجد اور منبر و محراب کا اہم کردار ہے۔

ای پیپر دی نیشن