اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کرتے ہوئے سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کر دی اور کہا ہے کہ ا نتخابات ملتوی کرنے سے پہلے ریٹرننگ افسران نے انکوائری کیوں نہیں کی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی ہونے کے معاملے کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار مسلم لیگ(ن)کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، ڈی آر او سرگودھا اور ریٹرننگ افسران بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ مجھے ریٹرننگ افسر کا ایک نوٹس ملا کہ آپ کے حلقہ میں امیدوار فوت ہو گیا ہے، وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری کا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹی نے موقف اپنایا کہ تحقیقات کرنے پر پتا چلا کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی، 3 جنوری کو نماز جنازہ ہوئی، اس معاملہ میں جعل سازی کی گئی ہے، دو حلقوں میں انتخابات ملتوی کروانے کیلئے سازش کی گئی، ڈی سی سرگودھا نے معاملہ کی انکوائری بھی کروائی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ انتخابات ملتوی نہ کیے جائیں، ڈی آر او سرگودھا نے موقف اپنایا کہ میں نے انکوائری کروائی ہے، انکوائری میں ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی ہے، انکوائری میں صادق علی کی والدہ، بیٹی، امام مسجد کے بیان ریکارڈ کیے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے سے پہلے ریٹرننگ افسران نے انکوائری کیوں نہیں کی، ریٹرننگ افسر این اے 85 نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی تھی، ہمیں جعلی ڈیٹھ سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا تھا۔ سیکریٹری یونین کونسل نے کہا کہ ہم نے نمبردار کی تصدیق اور بیٹے کی درخواست پر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیا، نمبردار نے کہا کہ میرے جعلی دستخط کیے گئے۔ سماعت کے دوران مداخلت پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کی سرزنش کی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک تو غلط کام کرتے ہو اور یہاں آ کر بحث کرتے ہو۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کر دی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس شخص کو نوکری سے برخواست کرنا چاہیئے۔ امام مسجد نے بتایا کہ میں نے صادق علی کی نماز جنازہ 3 جنوری کو پڑھائی۔ الیکشن کمیشن نے این 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔ دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے، انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔