ووٹ کو عزت دو والے نظر یہ بدلتے ہیں ہم نہیں، پرانی سیاست کرنیوالے گھر بیٹھ جائیں: بلاول

 ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نفرت اور تقسیم کو دفن کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں جبکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کو درپیش مسائل کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت اور تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، معاشرے میں تقسیم پھیلی ہوئی ہے۔ بھائی کو بھائی سے لڑایا جارہا ہے، نفرت اور تقسیم کو دفن کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ اپنے منشور کو لے کر پورے ملک کے دورے کر رہا ہوں۔ گالی گلوچ اور نفرت کی سیاست ہمارے منشور میں نہیں۔ مجھے 4 بار نہیں ایک بار موقع دیں، وعدے پورے کروں گا۔ ہمیں موقع دیا گیا تو خواتین کو بلاسود قرضہ دیں گے، کسان کارڈ لائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت میں کسانوں کو فصل کی قیمت ملے گی۔ فصل میں نقصان ہوا تو چھوٹے کسانوں کو پیسے دیے جائیں گے۔ بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے تمام سہولیات دیں گے، جبکہ بیروزگار نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ لے کر آرہے ہیں۔ اقتدار میں آنے کے بعد اشرافیہ کو دی جانے والی سبسڈی بند کرکے  بچت کو عوام پر خرچ کریں گے۔ سب کو پیغام دیتا ہوں حالات ضرور مشکل ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، معاشی بحران ہے، سیاسی اور جمہوری بحران ہیں لیکن عوام مایوس نہ ہوں۔ بلاول نے کہا  ملک کو سیاسی بحران سے نکالیں گے۔ دہشت گرد پھر سر اٹھا رہا ہے وہ ہمیں نظر آرہا ہے، جو دہشت گرد ملک میں سر اٹھا رہے ہیں ان کا سر میں خود کاٹوں گا۔ انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی خاطر آپ نے ظلم برداشت کیا، ووٹ کو عزت دو والے اپنا نظریہ بدل سکتے ہیں مگر ہم اپنا نظریہ نہیں بدلتے۔ آپ آئیں آپ کے ووٹ کو ہم عزت دیں گے۔  نفرت، تقسیم اور ذاتی انتقام کی خاطر غداری کے سرٹیفکیٹ اور فتوے بانٹنے کی سیاست کا خاتمہ کیا جائے گا۔ دیگر تمام پارٹیاں اور سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اگر وہ برسر اقتدار آئے تو اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام لیں گے۔  جس طرح غربت، مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے ہم تقسیم ہو کر اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کے لئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔  ہم تاریخ کے اس مشکل دور پر قابو پانے کے لئے شہید  بھٹو اور  بینظیر بھٹو کے نظریے پر عمل کریں گے۔ہم اشرافیہ کو 1500ارب روپے کی سبسیڈی دینے کی بجائے کسانوں کو بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے مالی مدد باہم پہنچائیں گے۔  بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ قوم کی تقدیر صرف ایک مدت کے اندر وزیراعظم بن کر تبدیل کر دیں گے اور اپنے وعدے پورے کرنے کے لئے انہیں چار مرتبہ حکومت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے جس کے لئے آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی اور آئندہ اٹھارہ دنوں میں پارٹی کا پیغام ساہیوال کے ہر بھائی بہن کے پاس پہنچانا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن