امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، جنرل، چلڈرن ہسپتال، سفاری زو، بند روڈ منصوبے کے دورے

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ  محسن نقوی رات کے پچھلے پہر شدید سردی میں چلڈرن ہسپتال اور جنرل ہسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دونوں ہسپتالوں کا 3گھنٹے طویل دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی اور وارڈز کو رواں ہفتے کھولنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کاؤنٹرز اور وارڈز میں تعمیراتی کاموں کے معیار کی تعریف کی۔ بچوں کے لئے بنائے گئے پلے ایریا بھی دیکھا،  وارڈز کی دیواروں پر بچوں کے لئے خوبصورت پینٹنگز لگانے کی ہدایت کی۔  جنرل ہسپتال  میں  ایمرجنسی بلاک میں اپ گریڈیشن کے کاموں میں سست روی پر برہمی کا اظہارکیا۔ محسن نقوی نے لیبر فورس کی تعداد میں کمی پر بھی ناراضگی کا  اظہار کیا۔ سفاری زو کی اپ گریڈیشن کا کام تیز، شارک اور دیگر نئے جانوروں و پرندوں کا اضافہ ہو گا۔  محسن نقوی نے  سفاری زو کا تفصیلی دورہ کیا اور پورے پارک کا راؤنڈ کر کے اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔  محسن نقوی نے زیر تعمیر سالٹ رینج کا بھی جائزہ لیا۔ سفاری زو پارک کے داخلی دروازے کو دلکش اور عالمی معیار کا بنانے کی ہدایت کی۔  میڈیا سے گفتگو  میں وزیراعلیٰ نے  کہاکہ جن کو میرے کام نہیں پسند آئے اللہ ان کو بھی خوش رکھے، دن رات محنت سے ہماری ٹیم ناممکن ٹاسک کو ممکن بنا رہی ہے۔ دورے اس لئے کرتا رہا کہ سال کا  پراجیکٹ 3ماہ میں مکمل ہو، کوئی شوق نہیں کہ ایک ایک پراجیکٹ کے 10,10 وزٹ کروں۔ دوروں کا مقصد موقع پر بہتر فیصلے لینا اور کام کی رفتار تیز کرنا اورکام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ میں دفتر میں بیٹھ کر سیکرٹریز کو بھی پراجیکٹ کا معائنہ کرنے کیلئے بھیج سکتا تھا لیکن اگر معمول سے ہٹ کر کام کرنا ہے تو معمول سے ہٹنا پڑتا ہے۔ آئے تو چند مہینوں کیلئے تھے لیکن حالات تبدیل ہو گئے تھے اور حکومت کا  ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔ جتنی بھی کامیابیاں حاصل ہوئیں وہ اچھی ٹیم کی بدولت ہوئی ہیں۔ بہترین ٹیم ملی، بہترین کوشش کی گئی، ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا، رزلٹ آپ کے سامنے ہے۔ عوام کو ڈلیور کرنا تھا جو کر سکتے ہیں کیا ہے، بیسٹ ٹیم تھی جس نے بہت کام کیا۔ محسن نقوی  ڈیڈ لائن سے قبل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے پوری طرح متحرک ہو گئے۔ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو سراہا۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ محسن نقوی انتہائی متحرک اور محنتی وزیراعلیٰ ہیں، ہر کوئی ان کے کام کی تعریف کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں نگران حکومت نے عوام کی خدمت کا حق ادا کیا ہے اور جب بھی دیکھیں وزیراعلیٰ محسن نقوی کام کررہے ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت خصوصاً گندم کی پیداوار میں اضافے کیلئے امریکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی سے پنجاب کے تعلیمی اداروں کے الحاق کیلئے کوشاں ہیں۔ کیلیفورنیا کی طرز پر پنجاب میں چھوٹے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں اشتراک کیلئے تیار ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن