پاکستان بگاڑنے والوں کو خیبر پی کے  نے ووٹ دیا، بتائیں کیا تبدیلی آئی: نوازشریف

Jan 23, 2024

مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے اور اسے بگاڑنے والوں کو ووٹ کے پی کے والوں نے ہی دیا تھا۔ کے پی کے والے بتائیں صوبے میں کیا کوئی تبدیلی آئی؟ کیا نیا پاکستان بن گیا؟۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں فضل الرحمن میرے پاس آئے اور کہا کہ میرے پاس بھی ارکان اسمبلی بہت ہیں آپ اور ہماری جماعت مل کر کے پی کے میں حکومت بنا سکتے ہیں۔ اس پر میں نے جواب دیا کہ عدد کے اعتبار سے پی ٹی آئی کی چند نشستیں ہم سے زیادہ ہیں اس لیے حکومت انہیں ہی بنانی چاہیے اور انہیں صوبے میں حکومت ملی۔ مگر انہوں نے اس صوبے کا برا حال کردیا۔ نواز شریف نے مانسہرہ والوں سے سوال کیا کہ جس کی یہاں دس سال حکومت رہی اس نے یہاں کیا کام کیا؟۔ کے پی کے والو! آپ لوگ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے؟۔ ووٹ تو آپ نے دیا تھا اور حکومت اس کی یہاں پر تھی۔ میں وزیراعظم تھا لیکن یہاں وزیراعلیٰ کوئی اور تھا۔ اب ملک کو دوبارہ درست کرنا جان جوکھوں کا کام ہے، آپ مجھے ووٹ دیں یا نہ دیں یہ بتائیں کیا کے پی کے میں کوئی تبدیلی آئی؟۔ ہماری حکومت کی مدت پوری ہونے دی جاتی تو اگلی حکومت بھی ہماری ہی ہوتی۔ مانسہرہ کو اس صوبے کا سب سے بہترین شہر بننا چاہیے۔ اگر پانچ ججز مجھے نہ نکالتے تو آج یہاں ایئرپورٹ ہوتا۔ پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹر وے نہیں بنایا۔ باعزت ٹرانسپورٹ عوام کا ویسے ہی حق ہے۔ ہم یہاں کالج، میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔ مانسہرہ کی واٹر سپلائی کے لیے شوگران سے پانی لے کر آئیں گے۔ گیس، سبزی، پیٹرول سستا فراہم کریں گے، روزگار ملے گا۔ نواز شریف نے اعلان کیا کہ اگر ہماری حکومت آئی تو مانسہرہ میں ایک خوبصورت ایئرپورٹ بنائیں گے۔ کراچی تا مانسہرہ ٹرین چلائیں گے جو مظفر آباد جائے گی۔ مانسہرہ والا موٹر وے آگے بالا کوٹ، کاغان، ناران، چلاس اور بابوسر تک لے کر جائیں گے۔ ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور سستی بجلی فراہم کی، لوگوں کو روزگار دیا، سستی گیس فراہم کی۔ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی۔ ان ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا۔ آج ہم دنیا میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ بہت عمدہ پاکستان چھوڑ کر گیا تھا۔ اب خیبر پی کے کو سنوارنے کا وقت آگیا ہے۔ خوشی ہو رہی کہ ہم دوبارہ ملے ہیں لیکن ملکی حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی۔ جن ہاتھوں سے موٹروے بنائی، جب وہ تیار ہوئی تو میں جیل میں تھا۔ اگر مجھے نہ ہٹایا جاتا تو اسلام آباد سے لے کر مانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین چل رہی ہوتی۔ جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا ہے کہ آج جو بھگت رہے ہیں، انہیں کوئی بددعا نہیں دینا چاہتی۔ جو لوگ ملین ٹری سونامی کا نعرہ لگا کر آئے وہ پہلے سے لگے ہوئے درختوں کی لکڑی بھی بیچ کر چلتے بنے۔ خیبر پی کے  کوئی تجربہ گاہ نہیں کہ آئے تجربہ کیا اور چل دیئے۔ مجھے افسوس ہے اس انسان نے آپ کا بھلا نہیں سوچا۔ پشاور میٹرو بس چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے۔ جو 10 سال خیبر میں حکومت کرکے گئے تو وہ کوئی ایک ہسپتال، کوئی سکول، کوئی میٹرو بس دکھا دیں جو یہاں کے لوگوں کے لیے بنائی ہو۔ نواز شریف کے بدترین مخالفین صرف سیاسی مخالف نہیں تھے بلکہ ذاتیات پر اترتے تھے۔ کیا یہ خیبر کا کلچر ہے کہ جلسوں میں خواتین پر آوازیں کسو۔ آج وہ جو بھی بھگت رہے ہیں، میں انہیں کوئی بددعا نہیں دینا چاہتی، لیکن اعمال انسان کو بہت دور تک چھوڑ کر آتے ہیں، ساری زندگی قبر تک پیچھا کرتے ہیں۔ دنیا جانتی ہے نواز شریف مانسہرہ اور ہزارہ سے محبت کرتے ہیں۔ نوازشریف کی مانسہرہ سے محبت کا ثبوت ہے کہ انہوں نے کیپٹن (ر) صفدر کو آپ کی خدمت کے لئے وقف کردیا ہے۔ اگر نواز شریف کو نکال دیں تو ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں۔

مزیدخبریں