اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیر خارجہ مسٹر سن ویڈونگ نے پیر کو جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے سٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سیکورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے بہترین ریمارکس پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی مشترکہ فہم پر قائم ہیں۔