اسلام آباد (نمائندہ خصو صی)نگران وفاقی وزیر تجارت ، صنعت وسرمایہ کاری ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ بیس ہزار چھوٹے کاروبار 1 ملین ڈالر کی برآمدات کریں تو تجارتی خسارہ ختم ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ایس ایڈ کے سرمایہ کاری سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمارا تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر ہے ،حکومت 20,000 چھوٹے سرمایہ کاروں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ برآمدات کو بڑھاکر زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود بیس ہزار چھوٹے کاروباروں میں سے ہر ایک 1 ملین ڈالر کی برآمدات کرے تو تجارتی خسارہ جلد ختم ہو سکتا ہے اور یہ ہدف ایک سال میں حاصل کیا جا سکتا ہے ۔وزیر تجارت نے کہا کہ وزارت تجارت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو مصر ، چین اور جی سی سی ممالک کے دورے کروائے ہیں تاکہ نئی منڈیاں تلاش کی جاسکیں اور اس سلسلے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی، وزیر تجارت
Jan 23, 2024