توہین عدالت کیس، ریکارڈ کیپر اڈیالہ جیل ،ڈی سی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Jan 23, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی توہین عدالت کیس میں ریکارڈ کیپر اڈیالہ جیل اور ریکارڈ کیپر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کیخلاف ایم پی او توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایس پی جمیل ظفر کے وکیل ایڈووکیٹ شاہ خاور کی طرف سے سماعت فروری کے دوسرے ہفتے ملتوی کرنے کی استدعا  کی گئی۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے اس ٹرائل کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنا چاہتے ہیں۔ اسی ہفتے کے دوران یہ کیس سنیں گے، یہ سارا کیس دستاویزات کا ہے۔ آپ نے جتنی تیاری کرنی ہے وہ کرلیں، اسی ہفتے کیس مکمل کریں گے۔ مجھے قانون اور قانونی طریقہ کا پتہ ہے، آپ اپیل میں چلے جائیے گا۔ ٹرائل ایسے نہیں چلتا کہ ایک دن چلے اور ایک مہینے کے بعد چلے۔ شاہ خاور نے موقف اپنایا ہوسکتا ہے کہ پھر میں اس کیس میں نمائندگی نہ کرسکوں۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے ایس ایس پی خود بتا سکتا ہے عدالت کو، اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ عدالت نے ریکارڈ کیپر اڈیالہ جیل اور ریکارڈ کیپر ڈی سی راولپنڈی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے ڈی سی راولپنڈی اور سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں