انجینئرنگ کمیونٹی کی مسلسل حمایت ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے ، عارف علوی

Jan 23, 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زندگی کے ہر شعبے میں انجینئرنگ کی مہارت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قوم کو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کرنے کے لیے انجینئرنگ کمیونٹی کی مسلسل حمایت اور ان کی خدمات کے اعتراف کی ضرورت پر زور دیا ہے۔  یہاں ایوان صدر میں منعقدہ "پی ای سی انجینئرز ایکسیلنس ایوارڈ 2022" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستانی انجینئرز نے ماضی میں خلیجی ممالک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔  پاکستان کو پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں مزید انجینئرز کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سالانہ صرف 25 ہزار انجینئرز پیدا کرتا ہے جو ملک کی ضرورت کے لیے کافی نہیں ہے، ان میں سے ایک بڑا حصہ گریجویشن کے بعد بیرون ملک چلا جاتا ہے، اس کے مقابلے میں ہندوستان ہر سال 1.5 ملین سے زیادہ انجینئر پیدا کرتا ہے۔  صدر عارف علوی نے کہا کہ انسانی وسائل ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے جیسا کہ صحت جیسے دیگر شعبوں میں ملک کو مزید انسانی وسائل کی ضرورت ہے، ملک میں 9 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے جبکہ اس کے مقابلے میں صرف ڈیڑھ لاکھ کام کرنے والی نرسیں موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 26 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں جو مستقبل میں معاشرے کے لیے ایک بڑا بوجھ بن جائیں گے۔ 

مزیدخبریں