اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)نادرا کے ڈائریکٹر جنرل برائے اسلام آباد ذوالفقار احمد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیئرمین نادرا کی ہدایت پر آئی سی سی آئی میں نادرا کا سہولت ڈیسک کھولنے کے امور پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کیا۔ ذوالفقار احمد نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا ان کو بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنا نادرا کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرااسلام آباد چیمبر آف کامرس میں اپنا سہولت ڈیسک کھولنے کیلئے تیار ہے اور ان کے چیمبر کے دورے کا مقصد اس کی فزیبلٹی کے امو رپر بات چیت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں نادرا سہولت ڈیسک شناختی کارڈ سے متعلقہ سروسز کے علاوہ ای سہولت سروس کے تحت تاجر برادری کو ادائیگیوںاور وصولیوں کے معاملات میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ساتھ بھی نادرا سہولت ڈیسک میں پاسپورٹ سروس فراہم کرنے کیلئے بات چیت کرے تا کہ تاجر برادری مذکورہ سہولت ڈیسک سے دونوں محکموں کی سروسز سے مستفید ہو سکے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین نادرا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آئی سی سی آئی کی تجویز پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے ایک سینئر آفیسر کو چیمبر بھیجا تا کہ نادرا سہولت ڈیسک کھولنے کے امور پر پیش رفت کی جائے۔ ۔چیمبر کے سابق صدر میاں اکرم فرید، راجہ محمد امتیاز، رضوان چھینہ ، شیخ محمد اعجاز، خالد چوہدری، محترمہ شمائلہ صدیقی، اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔