کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزکاروبارکاآغازمثبت انداز میں ہوا لیکن بعد میں مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔ ٹریڈنگ کے دوران جہانگیر صدیقی ، ڈی جی خان سیمنٹ، اینگروفوڈ ،نیشنل بینک اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں شئیرزکی فروخت نے انڈیکس کوریڈ زون میں رکھا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس سینتیس پوائنٹس کمی کے بعد چودہ ہزار پانچ سو ستائیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبارکا مجموعی حجم دو کروڑ پچھہتر لاکھ شئیرز رہا،حجم کے اعتبار سے جہانگیرصدیقی کمپنی میں سب سے زیادہ سودے ہوئے ۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ رمضان میں روایتی طور پرکاروباری سرگرمیاں کم رہتی ہیں تاہم سیاسی اتار چڑھاؤ اور کراچی میں امن و امان کی ناقص صورتحال انڈیکس کو مزید مندی سے دوچار کرسکتی ہے۔دوسری جانب لاہور اسٹاک مارکیٹ میں بھی آج ملا جلا رجحان رہا اور ایل ایس پچیس انڈیکس چار پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار چھ سو بہتر پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چوراسی کمپنیوں کے دس لاکھ سولہ ہزار چار سو حصص کا کاروبار ہوا۔ آٹھ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، پچیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ اکیاون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔