اسلام آباد ( اے این این+ آن لائن) جمہوری وطن پارٹی کے رہنماءاورنواب اکبربگٹی کے پوتے نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بلوچستان پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی گارنٹی پر واپس جارہے ہیں، ہمیںرائلٹی نہیں اپنا گھر چاہئے۔ ہم محب وطن لوگ ہیں، ہماری واپسی سے بلوچستان کو فائدہ ہوگا۔ نوازشریف سنجیدگی سے بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ پیر کے روز ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہا ہم کل 24 جولائی کو بذریعہ ہوائی جہاز کوئٹہ اور پھر قافلے کی صورت میں ڈیرہ بگٹی روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ احتجاجی کیمپ میں شہید ہونیوالے ہمارے ساتھی گل شیر احمد کی میت کے ہمراہ جائیں گے۔ دو افراد اور میت کا بندوبست کیا گیا ہے، نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہا ہم بگٹی لوگ امن کا پیغام لیکر بلوچستان جارہے ہیں، ہمیں روکا گیا یا گرفتاریاں کی گئیں تو بلوچستان کے حالات مزید خراب ہوجائینگے، اب ہمارا کلپر خاندان سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ شاہ زین بگٹی اسلام آباد میں رہیں گے اور طلال بگٹی کوئٹہ میں رہیں گے، میں قافلہ لیکر ڈیرہ بگٹی جاﺅں گا اور وہاں کے حالات دیکھنے کے بعد باقی لوگوں کو ڈیرہ بگٹی آ نے کی دعوت دوں گا۔گیس پائپ لائن اڑانے والوں سے کوئی تعلق نہیں، پرامن لوگ ہیں۔