رمضان ٹی 20 کپ، کے آر ایل نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

کراچی (اے پی پی) خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر رمضان کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ سوئی گیس کی ٹیم 132 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز سکور کر سکی۔ اظہر علی نے ناقابل شکست 59 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ زین عباس اور عثمان خان نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ زین عباس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں کے آر ایل کے کپتان سعید انور جونیئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے۔ محمد یاسین نے 36 جبکہ زین عباس اور نوید یاسین نے بالترتیب 23 ، 23 رنز بنائے۔ بلاول بھٹی نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سوئی گیس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز سکور کر سکی۔ اظہر علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ کپتان توفیق عمر 31 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ کے آر ایل کی جانب سے عثمان خان اور زین عباس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ زین عباس کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن