بسٹاڈ (اے پی پی) امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے سویڈش اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں میزبان جوہانہ لارسن کو شکست دیکر کیریئر کا 53 واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سویڈن کے شہر بسٹاڈ میں جاری ویمنز سنگلز کے فائنل میں عالمی نمبر ایک امریکہ کی سرینا ولیمز نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویڈن کی جوہانہ لارسن کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سرینا ولیمز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کرینگے۔ واضح رہے کہ سرینا ولیمز نے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کی کلارا زکوپلوا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 اور 6-4 سے زیر کیا اور فائنل میں جگہ بنائی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سویڈن کی جوہانہ لارسن نے اٹلی کی فلاویہ پینیٹا کو 2-6 ، 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔