اسلام آباد + لاہور ( خبر نگار +ایجنسیاں + نیٹ نیوز + وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمشن نے صدارتی انتخابات کو وقت سے پہلے کروانے سے متعلق وزارت قانون کی درخواست کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ صدارتی انتخابات وقت مقررہ یعنی 6 اگست ہی کو ہوں گے۔ الیکشن کمشن کے ترجمان خورشید عالم نے بتایا کہ کمشن کے ارکان کی اکثریت نے وزارت قانون کے اس خط کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ صدارتی انتخابات وقت پر ہی ہونے چاہئیں۔ حکومت کی طرف سے الیکشن کمشن کو چند روز قبل ایک خط لکھا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ چونکہ 6 اگست رمضان کے آخری عشرے میں آرہا ہے اسلئے بہت سے ارکان پارلیمنٹ عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے جبکہ اسکے علاوہ بہت سے ارکان پارلیمنٹ اعتکاف میں بھی بیٹھ جائیں گے اسلئے انتخابات کو اس سے پہلے کروالیا جائے۔ حکومت کی خواہش تھی کہ 30 یا پھر 31 جولائی کو صدارتی انتخاب کروایا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمشن نے وزارت قانون کو خط کا جواب دیدیا جس میں صدارتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی سے معذرت کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے وفاق کو جواب میں کہا کہ صدارتی الیکشن کا شیڈول تبدیل نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت (کل) بدھ کو 12 بجے دوپہر ختم ہوجائیگی۔ مقررہ وقت تک کاغذات نامزدگی چاروں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں الیکشن کمشن کے صدر دفتر سے صرف 5 کاغذات نامزدگی جاری ہوئے۔ الیکشن کمشن نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے شرائط اور دیگر تفصیلات جاری کردیں۔ امیدوار کو آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترنے کے ثبوت دینا ہوں گے۔ امیدوار کا تجویز اور تائید کنندہ رکن اسمبلی ہونا چاہئے۔ صدارتی امیدوار کو عقیدہ ختم نبوت پر یقین رکھنے کا ثبوت بھی دینا ہوگا۔ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس سے صدارتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ ابھی تک چار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے فارم وصول کئے ہیں جن میں شیخ مشتاق، رانا اکرام ربانی، ڈاکٹر وسیم اور نواب ڈاکٹر امبر شہزادہ شامل ہیں۔ الیکشن کمشن کے اعلان کے بعد وزیراعظم میاں نوازشریف کا ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں عمرہ کا پروگرام ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
صدارتی انتخاب 6 اگست کو ہی ہوگا‘ الیکشن کمشن نے حکومت کو آگاہ کردیا
Jul 23, 2013