ملتان+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اسلام آباد + آئی این پی) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے والد کسی صورت گرفتاری نہیں دیں گے۔ انہوں نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ عدالت گرفتاری کی اجازت نہیں دے گی۔ ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو نیب کے سامنے کھڑا کر کے پارلیمنٹ کی تذلیل نہ کی جائے۔ میرے والد نے میرٹ پر تقرریاں کیں۔ دریں اثناءآئی این پی کے مطابق اوگرا سکینڈل کے مرکزی کردار توقیر صادق کی طرف سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اربوں کے سکینڈل میں ملوث ہونے کے انکشاف پر تحقیقات کے لئے پیش ہونے سے انکار کے بعد نیب آج منگل کو سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرانے کے لئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کرے گا۔
گیلانی کسی صورت گرفتاری نہیں دینگے عدالت سے رجوع کر لیا: علی موسیٰ نیب آج وارنٹ کے لئے درخواست دائر کرے گا: ذرائع
Jul 23, 2013