شام : بمباری‘ خالد بن ولیدؓ کے مزار کو شدید نقصان ۔۔۔ ناظم الامورکی طلبی

اسلام آباد+ دمشق+ بیروت (سٹاف رپورٹر+ اے ایف پی+ نیوز ایجنسیاں) حمص شہر میں شام کی سرکاری فوج کی بمباری سے حضرت خالد بن ولیدؓ کے روضے کو شدید نقصان پہنچا۔ انسانی حقوق کے ایک گروپ کی جانب سے دی گئی اس اطلاع میں بتایا گیا ہے اہم سٹرٹیجک علاقے خالدیہ پر قبضے کیلئے سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔ اس دوران شامی فوج کی شدید گولہ باری سے صحابی رسول اور عظیم سپہ سالار حضرت خالد بن ولید کے روضہ کو نقصان پہنچا۔ گروپ کی جانب سے تقسیم کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صدیوں پرانی مسجد حضرت خالد بن ولیدؓ بھی متاثر ہوئی ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص کو چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کہہ رہا ہے کہ میں عربوں اور مسلمانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ حضرت خالد بن ولیدؓ کے روضہ پر بمباری ہوئی ہم اب خدا کو کیا منہ دکھائیں گے۔اس حوالے سے ایک وڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں خالد بن ولید مسجد پر شدید بمباری ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے اور اس سے عظیم سپہ سالار کے مزار کو شدید نقصان پہنچا۔ واضح رہے حضرت خالد بن ولیدؓ کا مزار مسلمانوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے اور یہاں بڑی تعداد میں مسلمان زیارت کیلئے آتے ہیں یہ مزار کئی صدیاں پہلے تعمیر کیا گیا تھا جبکہ اس سے ملحقہ مسجد 13ویں صدی کے وسط میں تعمیر کی گئی تھی خالد بن ولیدؓ نے شام کو فتح کیا تھا اور انکی وفات حمص میں ہوئی تھی۔ خالدیہ شہر میں موجود باغیوں کے مطابق شامی فوج کی بمباری سے حضرت خالد بن ولیدؓ کا مزار مکمل شہید ہوگیا ہے جبکہ شامی فوج کا کہنا ہے کہ مزار اور اس ملحقہ مسجد کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیوں کہ یہاں پر بڑی تعداد میں باغی موجود تھے۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق شام میں بڑھتی ہوئی خانہ جنگی کے باعث مقدس مقامات کو نشانہ بناکر فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ آن لائن کے مطابق پاکستان نے شام میں نواسی رسول حضرت بی بی زینب ؓ کے روضے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شامی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے تمام مذہبی مقامات کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چودھری کے مطابق پاکستان میں شام کے متعین ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے شام میں حضرت بی بی زینب ؓ کے روضے پر حملے کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور حملے کیخلاف شدید االفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے کیخلاف پاکستانی عوام کی گہری تشویش سے آگاہ کیا ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روضے پر حملے سے پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح ہوئے،ایسی پامالیاں جن سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلے ضروری ہے کہ ان کا سخت نوٹس لیا جائے۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ نے شام میں نواسی رسول سید ہ بی بی زینبؓ کے مزار پر حملے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع کرا دی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اس حملے سے دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ حکومت پاکستان اس حوالے سے عالمی فور م پر ٹھوس احتجاج کرے اور اقوام متحدہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ ادھر صدر آصف علی زرداری نے حضرت بی بی زینبؓ کے مزار پر حملہ کی مذمت کی ہے، بیان میں انہوں نے کہا کہ حضرت بی بی زینبؓ کے مزار پرحملہ تکلیف دہ اور مایوس کن ہے۔ حملے سے نہ صرف پاکستان اور امت مسلمہ کی دلآزاری ہوئی بلکہ یہ فرقہ واریت کو فروغ دینے کا باعث بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں تمام جماعتیں مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن